ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایک دن میں تین لاکھ سے زائد بچوں کی ٹیکہ کاری کے لئے رجسٹریشن

ایک دن میں تین لاکھ سے زائد بچوں کی ٹیکہ کاری کے لئے رجسٹریشن

Sun, 02 Jan 2022 11:59:56    S.O. News Service

نئی دہلی، 2؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی)  ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چلائی جا رہی ٹیکہ کاری مہم کے تحت پہلے دن 3 لاکھ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی خوراک دینے کے لیے رجسٹریشن کیا گیا۔ خیال رہے کہ ملک میں 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو ٹیکہ لگوانے کی مہم 3 جنوری یعنی پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ اس کے لیے ’کوون پورٹل‘ پر رجسٹریشن کا عمل ہفتہ کے روز شروع ہو گیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ہفتہ کی رات 11:59 بجے تک 326591 بچوں کا ٹیکہ کاری کے لیے رجسٹریشن کرایا گیا۔ مرکزی حکومت کی طرف سے بچوں کی کووڈ ویکسینیشن کے لیے جاری کردہ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی ٹیکہ کاری واک ان اور آن لائن رجسٹریشن دونوں کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ مرکز کے رہنما خطوط کے مطابق بچے یکم جنوری سے اپنے شناختی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے کو-ون پورٹل پر ٹیکہ کاری کے لیے سلاٹ بھی بک کر سکتے ہیں۔

بچے اپنے والدین کے موجودہ کو-ون اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے یا ایک منفرد موبائل نمبر کے ذریعے نیا اکاؤنٹ بنانے کے بعد بھی خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 2007 اور اس سے پہلے پیدا ہونے والے بچے ویکسین حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔


Share: